حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ مرکزی میں ولی فقیہ کے نمائندے، آیت اللہ قربانعلی دری نجف آبادی نے عشرۂ امامت و ولایت کی آمد پر عالم اسلام اور تمام شیعیانِ جہاں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے عقائد کو مضبوط کرنے اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو فروغ دینے کا بہترین موقع قرار دیا ہے۔
آیت اللہ دری نجف آبادی نے اپنے پیغام میں عید قربان اور عید غدیر کے درمیانی وقفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا: "عید قربان بندگی اور عبودیت کی علامت ہے، جب کہ مسلمان اس دن خدائی احکامات کی مکمل اطاعت کا مظاہرہ کرتے ہیں، اور عید غدیر وہ دن ہے جسے دین اسلام کی تکمیل اور رسالت کے پیغام کی تکمیل کا دن قرار دیا گیا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا: "عید قربان دراصل عشق، تسلیم اور غیرالٰہی وابستگیوں سے نجات کا دن ہے، جبکہ عید غدیر، دین کے کمال اور خداوند متعال سے عہد و پیمان کا دن ہے۔ یہ دونوں عظیم عیدیں ہمیں یہ پیغام دیتی ہیں کہ انسان الٰہی قربت اور کمال تک اسی وقت پہنچ سکتا ہے جب وہ دنیاوی وابستگیوں کو چھوڑ کر اہل بیت علیہم السلام سے تمسک اختیار کرے۔"
ان کے پیغام میں مزید کہا گیا ہے: "یہ عشرہ انسانی اور اخلاقی اصولوں پر عمل پیرا ہونے اور امامت و اہل بیتؑ کی تعلیمات کی پیروی کے فروغ کے لیے ایک قیمتی موقع ہے۔"
آیت اللہ دری نجف آبادی نے کہا: "اگر ہم امام علی علیہ السلام کی سیرت کو اپنائیں تو ہمارے دلوں میں امید اور سکون کی روشنی پیدا ہو سکتی ہے، اور ہم راہِ حق اور سچائی کی طرف گامزن ہو سکتے ہیں۔"
آخر میں، مرکزی صوبے میں ولی فقیہ کے نمائندے نے ان بابرکت ایّام، یعنی عید قربان اور عید غدیر، کی مناسبت سے حضرت امام زمانہ (عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف)، رہبر معظم انقلاب اسلامی، پوری اسلامی امت اور بالخصوص اسلامی ایران میں اہل بیت علیہم السلام کے پیروکاروں کو ہدیہ تبریک پیش کیا اور خداوند متعال سے امت مسلمہ کے لیے ہر میدان میں روزافزوں کامیابی اور توفیق کی دعا کی۔









آپ کا تبصرہ